اپوزیشن پارٹی جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی احتجاجی کال کا وقت نامناسب ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی 24 نومبر کے احتجاج کی کال کے وقت کو نامناسب قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل احتجاجی کالز کی وجہ سے احتجاج کی اہمیت نہیں رہتی ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ احتجاج کرنا تحریک انصاف کا حق ہے لیکن پی ٹی آئی میں مناسب اور موثر حکمت عملی بنانے والے لوگ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا وقت مناسب نہیں، مسلسل احتجاج سے اہمیت گر جاتی ہے ،ہاتھ ڈالو تو پکا ڈالو۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت میں 14 ملین مارچ کیے تھے،ہمارا ہر ملین مارچ تاریخی تھا،آزادی مارچ میں پورے ملک سے قافلے اسلام آباد آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہاتھ بھی ڈالتے ہیں ،پکا ہاتھ بھی ڈالتے ہیں، ہم پہلے نقصان کے تمام دروازے بند کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست کو بھی اندازہ ہوگیا تھا کہ ہمارے احتجاج میں املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جاتا،احتجاج سے متعلق پی ٹی آئی والوں نے ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اختلاف تو ہمارا ن لیگ ، پیپلزپارٹی اےاین پی سے بھی ہوا لیکن تلخی نہیں ،پی ٹی آئی سے ہماری تلخی تھی اس کو اعتدال پر لاتے ہیں تو اچھا سیاسی رابطہ بن جائے گا۔