مانچسٹر/لیڈز (ہارون مرزا/ زاہد انور مرزا) برطانیہ میں جاری برفباری نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ تعلیمی نظام، ٹرانسپورٹ ریلوے نیٹ ورک سمیت عام معلومات زندگی بری طرح متاثر ہونے لگی۔ نارتھ یارکشائر کے علاقے میں سردی کا پارہ منفی 8تک پہنچ گیا، جبکہ شاہراہوں پر نمک پاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید موسمی اثرات کے پیش نظر ملک کے مختلف علاقوں میں سیکڑوں تعلیمی اداروں کو فوری طور پر بند کر دیا گیا جبکہ شدید برفباری کی صورتحال آج بھی برقرار رہنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ طبی ماہرین نے نزلہ زکام اور فلو جیسے موسمی اثرات سے بچنے کیلئے مخصوص خوراک استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسکاٹ لینڈ سمیت کئی مقامات پر سڑکوں پر برفباری کے باعث پیدا ہونے والی پھسلن کے باعث حادثات کی بھی اطلاعات ہیں۔ ریلوے اور ٹرانسپورٹ نظام مفلوج ہونے سے نیٹ ورک مسافروں کیلئے درد سر بن گیا ہے۔ یونیورسٹی آف ڈربی نے چیسٹر فیلڈ، بکسٹن اور لیک میں موسمی اثرات سے طالبعلموں کو بچانے کیلئے اپنے کیمپس بند کردیئے ہیں۔ مڈلینڈز اور انگلستان کے شمال میں بھی کالجز اور سکولز بند رہیں گے۔ وورسٹر شائر اور ڈربی شائر سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سرفہرست بیان کیے جارہے ہیں۔ ڈربی شائر کاؤنٹی کونسل نے19مختلف تعلیمی اداروں اور نرسنگ ہومز پر تالہ بندی کر دی ہے جبکہ بیشتر کے تاخیر سے کھلنے یا جلد بند ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ وورسٹر شائر نے21سکولوں کی بندش یا تاخیر کی اطلاعات دی ہیں ژ۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق مجموعی طور پر ڈھائی سو کے قریب تعلیمی اداروں کو شدید برفباری کے بعد بند کر دیا گیا ہے۔ موسمی حالات تبدیل ہوتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ اور ریلوے نظام بھی سخت متاثر ہوا ہے ایسٹ مڈلینڈز میں تقریباً64ٹرینیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔ لندن نارتھ ایسٹرن ریلوے37فیصد، ٹرانسپورٹ فار ویلز 13فیصد، ویسٹ مڈلینڈز ٹرین نیٹ ورک 13فیصد، کراس کنٹری 12فیصد تک متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ موسمی اثرات نے سکاٹ لینڈ کو بھی لپیٹ میں لیا ہے جہاں ہائی لینڈ کونسل ایریا میں چار، شیٹ لینڈ میں پانچ اور ایبرڈین شائر میں ایک سکول کو بند کر دیا گیا۔ والدین کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں برمنگھم ائرپورٹ اور ایسٹ مڈلینڈز ائرپورٹ پر تقریبا ایک گھنٹے تک فلائٹس میں تاخیر دیکھی گئی ہے۔ مختلف مقامات پر تقریباً 12سینٹی میٹر تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جو بلند ترین سطح مانی جا رہی ہے۔ میٹ آفس کی طرف شمالی سکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ، وسطی اور جنوبی ویلز سمیت سکاٹش بارڈرز اور نورفولک تک مشرقی کاؤنٹیوں میں شدید برفباری کے باعث ییلو وارننگ جاری کرتے ہوئے مسافروں کو دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تنبیہ جاری کردی گئی۔ دوسری طرف برفباری کے باعث ٹرینوں میں تاخیر سے بچنے کیلئے مسافروں کو سفری صورتحال اور ہدایات پر نظر رکھنے بالخصوص کمزور صحت کے لوگوں کو شدید سرد موسم میں احتیاطی تدابیر کی ہدایت دی گئی ہے محکمہ موسمیات کی طرف سے رواں ہفتے کیلئے جاری کردہ وارننگ میں شمالی انگلینڈ، مڈلینڈز اور سنٹرل لندن سمیت کئی دیگر علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ سردی کی شدید لہر کا سلسلہ پورے ہفتے جاری رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو دوران ڈرائیونگ دیگر گاڑیوں کے ساتھ مناسب فاصلہ رکھنے، رفتار کم رکھنے، کسی بھی مشکل میں پھنسنے کی شکل میں امدادی سامان پر مشتمل ٹول کو ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈرائیوروں کو اپنے سفر کی منظم منصوبہ بندی کرنی چاہیے، کمبل خوراک، پانی اور دیگر سامان ساتھ رکھنے کے علاوہ موسم کی صورتحال کی اپ ڈیٹس کے مطابق اپنا سفر شروع کرنا چا ہئے۔ چیف میٹرولوجسٹ نیل آرمسٹرانگ کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں 12سینٹی گریڈ تک برفباری کے ساتھ درجہ حرارت میں کمی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یو کے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی (یو کے ایچ ایس اے) کی جانب سے رواں ہفتے سیزن کا پہلا امبر سرد موسم سے متعلق ہیلتھ الرٹ جاری کرنے کے بعد سامنے آیا ہے ایج یو کے کی ڈائریکٹر کیرولین ابراہمز نے کہا کہ چیرٹی کو اس بات پر تشویش ہے کہ موسم سرما میں ایندھن کی ادائیگیوں کے معاملات میں الجھ سکتے ہیں۔ لہٰذا معمر افرا کا خیال رکھنا ناگزیر ہے۔ علاوہ ازیں ماہرین اس موسم کی شدت سے لڑنے کیلئے 7ایسے کھانوں کے بارے میں تجویز کرتے ہیں جس سے مدافعتی نظام مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ میٹھے آلو بیٹا کیروٹین کا ایک بہترین ذریعہ ہیں، ایک اینٹی آکسیڈنٹ جو جسم کو نزلہ زکام اور فلو سے لڑنے میں مدد کرتا ہے آلو کو جتنی دیر تک پکایا جاتا ہے بیٹا کیروٹین حیاتیاتی طور پر اتنا ہی زیادہ فعال ہوتا ہے۔ سست ککر سٹو اور سوپ جیسی پکوان سبزیوں کے صحت کو بڑھانے والے اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے بہترین ہیں بیٹا کیروٹین اپنے طور پر ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو ہماری آنکھوں، جلد اور دانتوں کو بہتر بنانے میں معاون ہے، سیاہ لہسن بھی صحت کے بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ کچے لہسن کو کئی ہفتوں تک گرم مرطوب ماحول میں رکھا جاتا ہے آپ کے مدافعتی نظام کو حیرت انگیز بنانے میں مدد دیتا ہے یہ ایلیسن اینٹی آکسیڈینٹ مرکبات جیسے الکلائیڈز اور فلیوونائڈز میں بدل جاتا ہے پورے جسم میں سوزش کو کم کرتا ہے آپ کے مدافعتی نظام کو بڑھاتا ہے۔ ادرک بھی بہترین خوراکوں میں سرفہرست ہے، یہ جسم کو نقصان دہ جرثوموں کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہے اپنے دن کا آغاز ادرک کی گرم چائے کے ساتھ کرنے کی کوشش کریں یہ آپ کے مدافعتی نظام اور ہاضمہ دونوں کے لیے اچھا ہے ساورکراٹ خمیر شدہ گوبھی ہے جو سردیوں میں پروبائیوٹکس یا صحت مند بیکٹیریا کا سورس ہے اس کا استعمال آنتوں کیلئے بہترین ہے جہاں سے ہمارا 70 فیصد مدافعتی نظام پیدا ہوتا ہے۔ سالمن وٹامن ڈی سے بھرپور ہوتا ہے جو ہمارے مدافعتی ردعمل کو منظم کرنے اور ہمارے جسم میں داخل ہونے والے بیکٹیریا یا وائرس سے لڑنے کیلئے ہمارے جسم کو تیار کرنے میں مدد کرتا ہے۔ برطانیہ میں 30 سے 40 فیصد کے درمیان لوگ موسم سرما کے دوران وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہوتے ہیں تیل والی مچھلی، انڈے کی زردی اور کچھ کھمبیاں وٹامن ڈی کے اچھے ذرائع ہیں لیکن اگر ہمیں سورج کی روشنی سے وٹامن کی اکثریت ملتی ہے لہٰذا ان تمام اشیاء کا استعمال قوت مدافعت بڑھانے میں مدد دیتا ہے اور ہم بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔