• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نورجہاں  سمیت مختلف گلوکاروں کو خراج عقیدت کیلئے تقریب

لندن (پ ر) لندن کے علاقے سٹی پیولین میں موسیقی کا شاندار پروگرام برطانیہ کے ایک ریڈیو (لائفہ گولڈ) کے زیراہتمام منعقد ہوا۔ تقریب میں پاکستانیوں اور ہندوستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور گلوکاروں کو ان کی اعلیٰ پرفارمنس پر بھرپور داد دی۔ میوزک پروگرام ہند و پاکستان کے نامور گلوکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔ جن گلوکاروں کو خراج عقیدت پیش گیا ان میں نور جہاں، محمد رفیع، کشور کمار، لتا منگیشکر، نصرت فتح علی خان اور ارما دیوی کے نام شامل ہیں۔ بالی جی، نارائن اور سائرہ سمیت مختلف گلوکاروں نے ان عظیم ہستیوں کے معروف اور مقبول گیت اور نغمے بہت خوبصورت انداز میں گائے اور سامعین و حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ تقریب کی نظامت مشہور کمپیئر اور پریذنٹر آنیسہ ناصر نے کی۔ انہوں نے محل اور موقع کے مطابق پرلطف اشعار سنا کر محفل کی رونق کو اور دوبالا کردیا۔ آرکسٹرا بیس افراد پر مشتمل تھا جن کی محسور کن دھنوں پر حاضرین جھوم اٹھے۔ شعر، نغمہ اور سازو آواز سے دل چسپی رکھنے والوں نے یک زبان ہو کر اپنے تاثرات ریکارڈ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات منعقد ہونے چاہئیں۔ اس طرح اپنے وطن سے جڑی ہوئی پرانی یادیں دوبارہ تروتازہ ہو جاتی ہیں۔
یورپ سے سے مزید