تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ کسی اور پارٹی سے کھڑے ہوئے تو شیر افضل مروت کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکیں گے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کو پارٹی میں آئے کچھ وقت ہوا ہے، وہ پریکٹیکل بات کریں، ان کی بات پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، ہر ایک کا اپنا اپنا انداز ہوتا ہے لیکن باتیں ساری سیاسی ہوتی ہیں۔
24 نومبر کے احتجاج سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہماری حکمتِ عملی یہی ہے کہ اب ہم وہاں جائیں گے اور دھرنا دیں گے، مولانا فضل الرحمٰن کو اسلام آباد آنے دیا گیا، 70 فیصد لوگ بانیٔ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، کیا یہ سب کو مار سکتے ہیں؟
شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ یہ ہمیں جتنا مار سکتے ہیں ماریں، ہم بندوق نہیں اٹھائیں گے، ہمیں صفر فیصد بھی یقین نہیں کہ مذاکرات ہو جائیں گے، حکومت ڈنڈے کے زور پر چل رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک میں جمہوریت نہیں، ہم پورے ملک کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں، اگر ہماری پرفارمنس نہ ہوتی تو خیبر پختون خوا میں مینڈیٹ نہ ملتا، کے پی کے عوام نے ہمیں ان حالات میں کامیاب کرایا جب ہمارے پاس انتخابی نشان تک نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج میں ہماری مرکزی لیڈر شپ موجود ہو گی، ہم آج بھی کہہ رہے ہیں کہ ہم پُرامن ہیں، مذاکرات ہونا ہوں گے تو ہو جائیں گے، نہیں ہونا ہوں گے تو نہیں ہوں گے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت صابن کی ٹکیہ پر کھڑی ہے، ان کے پلے تو کچھ ہے ہی نہیں، معیشت کو یہ ٹھیک نہیں کر سکے اور امن و امان کی صورتِ حال بھی خراب ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پُرامن اور سیاسی لوگ ہیں، جائیں گے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔