سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سید ال خان ناصر نے کہا کہ اسحاق ڈار بطور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اپنی کارکردگی کی بدولت حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انھوں یہ بات نے جنگ سے خصوصی گفتگو کے دوران کہی، انھوں نے کہا کہ پارلیمانی سیاست کے آغاز سے آج تک نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہر موقع پر بھرپور مدد کی جس کےلیے وہ ان کے مشکور ہیں۔
موجودہ حکومت کے حوالے سے ڈپٹی چیرمین سینیٹ نے کہا کہ جس طرح شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ملک کی بدحال معیشت کو سنبھالا ہے اور عوام کو تاریخی مہنگائی سے نکالا ہے اس سے یقین ہے کہ یہ حکومت اپنی مدت باآسانی پوری کرلے گی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا اپوزیشن کے احتجاج کی کوششوں کے حوالے سے عوام کا اصل مسئلہ مہنگائی اور معیشت کی بہتری ہے اور یہ دونوں چیزیں موجودہ حکومت نے بہتر کردی ہیں، لہٰذا امید ہے کہ عوام احتجاج کی کال پر توجہ نہیں دیں گے۔
سیدال خان ناصر نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ شاندار خدمات انجام دے رہی ہیں، لہٰذا ان کے دور میں پنجاب تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ماضی میں وسیم اکرم پلس وزیر اعلیٰ نے جو پنجاب کے عوام کا حال کیا تھا ان کے مقابلے میں مریم نواز عوام کے لیے کسی رحمت سے کم نہیں ہیں۔
انھوں نے قائد ن لیگ میاں نواز شریف کی جانب سے ان پر اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انھوں نے ن لیگ کےلیے زندگی وقف کی ہے اسی طرح میاں نواز شریف نے ہمیشہ ان پر اعتماد کا اظہار کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے امید ہے ن لیگ کی حکومت ہی پاکستان کے عوام کو سیاسی معاشی اور اقتصادی مشکلات سے نکال کر ایک ترقی یافتہ قوم بنائے گی۔