24 نومبر کو پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اڈیالہ جیل جانے والے راستے پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔
شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والا مرکزی راستہ فیض آباد انٹرچینج بھی بند کر دیا گیا ہے۔
سکستھ روڈ سے فیض آباد تک بیشتر کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ فیض آباد لاری اڈے پر ہوٹل اور ریسٹورنٹ خالی کرا دیے گئے۔
اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ امن و امان خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، سیف سٹی کیمروں سے شہر کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
اس قبل اسلام آباد میں محسن نقوی علی الصبح پولیس لائنز آئے جہاں انہوں نے قیامِ امن کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانفشانی کی تعریف کی اور پولیس لائنز میں خطاب کیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس سے کہہ دیا کہ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر، ڈی آئی جی اور پولیس افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔