• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتاح اسماعیل کا 3 بڑی جماعتوں کو مل بیٹھنے کا مشورہ

سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملک کی 3 بڑی جماعتوں کو بیٹھ کر بات کرنے کا مشورہ دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک بند ہونے سے ایک دن کا جی ڈی پی نقصان 300 ارب ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے 8 فروری کو جو فیصلہ کیا وہ حکومت نے تسلیم نہیں کیا، پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلز پارٹی کو بیٹھ کر بات کرنی پڑے گی۔

سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک غلطی کی، توجہ صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر ہے جبکہ انہیں الیکشن اور جمہوریت کی بات کرنی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سوچا ہوا ہے دھرنے دیں گے، انہیں اپنے ساتھ دوسری جماعتوں کو بھی ملانا چاہیے۔

مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت دیگر لوگ جیلوں میں ہیں۔ یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان دلدل میں ہے اور بانی پی ٹی آئی کنول کا پھول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد سمیت کراچی میں بھی انٹرنیٹ بند ہے، ملک بند ہونے سے ایک دن کا جی ڈی پی نقصان 300 ارب ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ لاہور اسلام آباد بند کردیں گے تو 100، 125 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔ اسکول بند ہونے سے بچوں کی پڑھائی پر اثر پڑے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں اب تک یہ جھگڑا چل رہا ہے کہ الیکشن شفاف ہوئے یا نہیں۔ آئین کو پامال کردیا گیا، کرسی بچانے کےلیے عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا گیا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عوام نے 8 فروری کو فیصلہ کردیا تھا، حکومت نے تسلیم نہیں کیا، پی ٹی آئی نے سوچا ہوا ہے، دھرنے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو 2014 کی طرح دھرنے کی عادت پڑ چکی ہے، 20 ہزار یا 1 لاکھ افراد نکالنے سے کسی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، کے پی کی حکومتی مشینری استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔

قومی خبریں سے مزید