کولمبیا کے شہر کالی میں ایک پومریرنین کتا (وسطی یورپی ملکوں کا بڑے بالوں والا کتا) ایک عمارت کی بارہویں منزل سے پڑوس کی 3 منزلہ بلڈنگ کی چھت پر گرنے کے باوجود معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
یہ واقعہ 19 نومبر کو پیش آیا، اس دوران اس پالتو کتے کی پرورش کرنے والا خاندان پریشانی کے ساتھ اس کی تلاش میں تھا اور وہ انہیں ان کے بارہویں منزل کے اپارٹمنٹ میں کہیں نہیں مل رہا تھا۔
جس کے بعد انھوں نے گھر کی کھڑکی سے جب باہر جھانک کر دیکھا تو انھیں پڑوس کی عمارت کی چھت پر ایک چھوٹے سوراخ میں کچھ نظر آیا جس پر دوربین سے دیکھا تو انھیں سوراخ کے اندر نیچے فرش پر اپنا کتا نظر آیا۔
تاہم وہ گھر بند تھا جس پر کتے کے مالک نے فوری طور پر مقامی فائر ڈپارٹمنٹ کو بلایا تاکہ کتے کو وہاں سے نکالا جاسکے۔
سب سے حیرت انگیز بات یہ تھی کہ وہ نو منزل اوپر سے اس جگہ پر گرنے کے باوجود محفوظ رہا، یہ معلوم نہ ہوسکا کہ کتا گرا کیسے، کیوں کہ انکے گھر کی کھڑکی ہمیشہ بند رہتی تھی۔
بعدازاں جانوروں کے ڈاکٹر نے اس کا معائنہ کیا، گمان کیا جاتا ہے کہ اسکے بڑے بالوں کی وجہ سے وہ محفوظ رہا۔ تاہم اسکی صحت کا مکمل خیال رکھنے کے لیے اسے انڈر آبزرویشن رکھا گیا ہے۔