• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کی سیکڑوں ہلاکتوں کی کہانی پسپائی چھپانے کی کوشش ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال  کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سیکڑوں ہلاکتوں کی کہانی اپنی پسپائی چھپانے کی کوشش ہے، یہ لوگ ڈس انفارمیشن کے چیمپئن ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جلیانوالہ باغ کا سین بنایا ہوا ہے، یہ لوگ کبھی اپنے لوگوں کو رُلاتے ہیں، کبھی ہنساتے ہیں۔

احسن اقبال نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان لوگوں نے پورے بلیو ایریا کو لال سیاہی پھینک کر سرخ کیا ہوا ہے، یہ لوگ اپنے ساتھ وہ دہشت گرد لائے تھے جو کبھی اسلام آباد کے قلب میں پہنچنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔

وفاقی وزیر نےکہا کہ بانی پی ٹی آئی کا شوق پورا نہیں ہوا تو وہ ایک اور کال دے کر شوق پورا کر لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو بہت بڑی تباہی سے بچالیا گیا ہے، اب دھرنوں کی سیاست کا وقت ختم ہوچکا، کسی کے خلاف بھی جھوٹا مقدمہ نہیں بننا چاہیے۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ مسلح ہوکر اسلام آباد آئے، ان کا مقصد پارلیمنٹ پر قبضہ کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور پارٹی اور حکومت کی دو کشتیوں کے سوار ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ علی امین کو باقاعدہ سیاست کرنی چاہیے، شکر ہے قبضہ ختم کرایا گیا، ورنہ دہشتگرد اسلام آباد کے دل تک پہنچ چکے تھے، گرفتار غیر ملکیوں کے بارے میں معلومات جاری کی گئی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید