میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحما ن اور فاروق ستار کو پریس کانفرنس کرنے میں مہارت ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مخالفین تعصب، تنقید، تفریق کارڈ نہ کھیلیں،پریس کانفرنس کریں لیکن اپنے کام بھی بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ فاروق ستار ہوں یا حافظ نعیم دونوں کو پریس کانفرنس میں مہارت ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ کسی کے کراچی آنے پر پابندی نہیں ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آئیں انہیں سیکیورٹی دیں گے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو کہتا ہوں سیاسی زندگی مختصر ہوتی ہے عوام کی خدمت کریں، پریس کانفرنس، جلاؤ گھیراؤ سے مسائل حل نہیں ہوں گے، مفاہمت سے مسائل حل ہوں گے کسی کی ذات پاکستان سے بڑھ کر نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان کراچی میں مستقل بیٹھتے اور پریس کانفرنس کرتے تو خوشی ہوتی، وہ بتاتے کہ ناظم آباد ، کورنگی،ایف بی ایریا، بہادرآباد کی سڑکیں بنا دی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ حافظ نعیم سیاسی پریس کانفرنس کرتے ہیں اس سے مسائل حل نہیں ہوتے، مخالفین کو کہتا ہوں کام کرکے بات کریں کام کیے بغیر بات نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے وطن کے دفاع کو مضبوط بنایا، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ہم بانی پی پی پی کے افکار پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرتے ہیں۔