وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ہیڈ کوارٹرز میں سیکیورٹی اقدامات سے متعلق اہم بریفنگ دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز پشاور کی استعداد بڑھانے کےلیے نو تعمیر شدہ انویسٹی گیشن و انٹیلی جنس بلاک کا افتتاح کیا ہے۔
انویسٹی گیشن اینڈ انٹیلی جنس بلاک میں جدید طرز کے آڈیٹوریم، کانفرنس روم اور دیگر سہولیات شامل ہیں، اس موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو بریفنگ بھی دی گئی۔
متعلقہ حکام نے دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے کےلیے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل بتائی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ دہشت گردی مقدمات میں تکنیکی معاونت کےلیے ڈیٹا کلیکشن و ڈیٹا مائننگ سیکشنز اور سائبر کرائمز یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور بھتا خوری کی روک تھام کےلیے کاونٹر ٹیررازم فنانسنگ ایند ایکسٹارشن یونٹ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو یہ بھی بتایا گیا کہ انٹیلی جنس نظام موثر بنانے کیلئے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی قائم کی گئی ہے، تحقیقاتی و تکنیکی استعداد بڑھانے کےلیے ڈی جی آئی ٹی اور ڈی جی ریسرچ انالسز کی اسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی کی 30 عدد گاڑیوں میں جیمر لگائے گئے ہیں، حساس اضلاع میں محکمے کو 7 بلٹ پروف گاڑیاں دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بتایا گیا کہ ادارے کا دائرہ کار بڑھانے کےلیے صوبہ بھر میں سی ٹی ڈی کے ریجنل ہیڈکوارٹرز اور دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے مقدمات کی مؤثر پیروی کےلیے 18 پبلک پراسکیوٹرز اور سی ٹی ڈی انٹیلی جنس کو بہتر بنانے کیلئے 314 ڈیٹکٹیو آفیسر کی اسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی کی بریفنگ میں کہا گیا کہ فارنزک لیب میں جدید آلات کی فراہمی اور تربیت یافتہ ماہرین کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے، متعلقہ عملے کی استعداد برھانے کیلئے جدید لیپ ٹاپس اور موبائل فونز دیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی نگرانی کےلیے جدید ڈرونز، نائٹ وژن آلات اور تھرمل گنز دیے گئے ہیں، سی ٹی ڈی کی افرادی قوت میں 1263 افراد کا اضافہ کیا گیا ہے۔