پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سندھی ثقافت کو اُجاگر کرنے کا دن جوش و خروش سے منایا گیا۔
آج کے دن رنگا رنگ پہناوے، ذائقے، ادب اور موسیقی کے تڑکے کے ساتھ صوفیائے کرام کی سرزمین سے محبت، امن اور رواداری کا پیغام دیا گیا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سندھی ثقافت کو اُجاگر کرنے کا دن جوش و خروش سے منایا گیا۔ بچوں اور بڑوں سب ہی نے سندھی ٹوپی، اجرک اور دیدہ زیب ثقافتی لباس پہن کر سندھی ثقافت سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
سندھ کلچر ڈے کے موقع پر کراچی میں سندھی ٹوپی اور اجرک کی بہار آگئی، روایتی ملبوسات اور ثقافتی پروگرامز منعقد کیے گئے۔
کراچی کی دین محمد وفائی روڈ اور کراچی پریس کلب کے اطراف بھی میوزیکل پروگرامز ہوئے، دوسری طرف شہر بھر میں میلے کا سماں رہا۔
حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، لاڑکانہ اور گھوٹکی سمیت مختلف شہروں میں تقریبات اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔
اوباڑو میں نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں اجرک، رلی اور روایتی مٹی کے برتنوں سمیت خوبصورت اشیا اور ٹیبلوز پیش کیے گئے۔