پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے ممکنہ اقدامات کے خلاف پاکستان کی اسپورٹس فیڈریشنز متحرک ہوگئیں۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن (پی او اے) کے اجلاس میں 23 مختلف فیڈریشنز نے پی ایس بی کو مشترکہ خط لکھ دیا۔
خط کے متن میں تحریر کیا گیا کہ مطابق ہمارے علم میں آیا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ وہ اقدامات کر رہا جو اولمپک چارٹر کے منافی ہیں۔
23 مختلف فیڈریشنز کے خط میں پی ایس بی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ممکنہ قیام اور فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت کا ذکر کیا گیا۔
خط کے متن کے مطابق حکومت متعدد بار آئی او سی کو یقین دلا چکی ہے کہ وہ اسپورٹس فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔
خط میں مزید کہا گیا کہ پی ایس بی کے ممکنہ اقدامات فیڈریشنز کے امور کے آزادانہ معاملات میں مداخلت ہوں گے، ہم گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے اقدامات پر نظر ثانی کرے۔
فیڈریشنز کے خط کے مطابق جو قوانین بنانے ہیں، وہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے چارٹر کے مطابق بنائے جائیں، اگر پی ایس بی کی جانب سے فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت ہوئی تو ہم اپنا الحاق ختم کرسکتے ہیں۔
پی او اے کے اجلاس میں بھی اس معاملے پر قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔