سپریم کورٹ میں وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بینچ نے آڈیو لیکس کمیشن کیس کی سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمٰن نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ حکومت آڈیوز کی انکوائری چاہتی ہے یا نہیں؟ یہ معاملہ کابینہ کے سامنے پیش کیا جانا تھا، اسلام آباد میں حالیہ امن و امان کی صورتِ حال پر معاملہ کابینہ میں پیش نہیں ہو سکا، مختصر تاریخ دے دیں، آڈیو لیکس کا معاملہ آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، کابینہ کے آڈیو لیکس معاملے پر فیصلے سے آئینی بینچ کو آگاہ کیا جائے گا۔
بانئ پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ آڈیو لیکس کی قانونی حیثیت سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔
جسٹس امین الدین نے بابر اعوان سے کہا کہ اٹارنی جنرل آفس کو حکومت سے ہدایات لینے دیں، حکومتی ہدایات آنے کے بعد معاملے کو دیکھیں گے۔