کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر کثیرالمنزلہ رمپا پلازہ میں لگی آگ بجھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پاک بحریہ کی ٹیم بھی آتشزدگی کے مقام پر پہنچ گئی، آگ سے متاثرہ عمارت کے شیشے توڑے جا رہے ہیں۔
آگ پر قابو پانے کے لیے 10 فائر ٹینڈرز، 2 واٹر باؤزر اور اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے ک آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے مزید فائر ٹینڈرز کو طلب کر لیا گیا ہے، آگ بجھانے کے لیے فوم بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
آگ سے متاثرہ عمارت میں موجود افراد کو باہر نکال لیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق آگ کثیر منزلہ عمارت کی پہلی منزل کے ایک فلیٹ میں لگی تھی جو بعد میں پھیل کر اوپری منزلوں تک بھی پہنچ گئی۔
علاقہ مکینوں نے بتایا ہے کہ فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی اداروں کے اہلکاروں کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث عمارت کو اپنی مدد آپ کے تحت خالی کرایا گیا اور آگ بجھانے کی کوشش کی گئی۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رمپا پلازہ میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو آگ لگنے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔