پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے اسلام آباد میں مبینہ ہلاکتوں کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ مریم نواز جس دن اصل ووٹوں سے کامیاب ہوں گی تو ان کے الزامات کےجواب دیں گے۔
علی محمد خان نے کہا کہ ڈی چوک پر آنا اتنا بڑا جرم تو نہیں تھا کہ گولیاں ماری جائیں، جب ورکرز پر گولیاں برسائی جائیں گی تو کیا وہ وہاں بیٹھا رہے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی چیئرمین ہونے کے ناطے میں بیرسٹر گوہر کی بات پر ہی یقین کروں گا، سنگجانی اورڈی چوک دونوں ہی پاکستان کا حصہ ہیں، ہمارے دورحکومت میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لوگ ڈی چوک پر احتجاج کرتے رہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ مریم نواز عمر میں مجھ سے بڑی ہیں، جس روز مریم حقیقی معنوں میں عوام کے ووٹ سے کامیاب ہوں گی، تب ان کا جواب دوں گا، مریم نواز کے چچا پر ماڈل ٹاؤن کا الزام ہے، اس کا تو انصاف دلائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی مخالف ہیں، ایک دوسرے کو غدار کہنا حل نہیں، آپ کسی کو دہشت گرد قرار نہیں دے سکتے، ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کو مارنے والوں کو آپ کیا کہیں گے؟
علی محمد خان نے کہا کہ آپ پر امن مظاہرین پر گولی کیسے چلا سکتے ہیں؟ کیسے بھی حالات ہوں بات چیت کا عمل نہیں رکنا چاہیے، جوڈیشل کمیشن بنناچاہیے کہ اسلام آبادکے دل میں مظاہرین پر گولیاں کیسےچلیں؟