• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر میکرون سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے آج ریاض میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کی۔

ون واٹر سمٹ کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے سمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پر صدر میکرون کو گرمجوشی سے مبارکباد دی۔

 موسمیاتی تبدیلی اور ترقیاتی امور پر فرانس کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں صدر میکرون کی پاکستانی عوام کے لیے بھرپور وکالت کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان فرانس کے درمیان خاص طور پر زراعت، لائیو اسٹاک، آئی ٹی کی ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں کاروبار سے کاروباری رابطوں کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے پاکستان فرانس تعلقات کے مکمل دائرہ کار بشمول سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانس کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور عالمی مسائل پر قریبی رابطے میں رہنے کی مشترکہ خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید