جویریہ صدیق...راولپنڈی میں معروف سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کو مننفرد انداز میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آرٹسٹ گوہر حمید اور راولپنڈی میں دیوار مہربانی بنانے والے اسد چوہدری نے عبد الستار ایدھی کا خاکہ دیوار پر بنایا اور خوبصورت رنگ بھر کر سینکڑوں افراد کے مسیحا کو ٹریبویٹ پیش کیا۔
اسد چوہدری اور آرٹسٹ گوپر حمید نے معروف سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کی یاد میں سکستھ روڈ سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں ان کا میورل بنایا ہے، یہ میورل دیوار مہربانی کے بلکل ساتھ بنایا گیا ہے تاکہ عوام کو صدقات عطیات کی ترغیب دی جائے۔
اسد چوہدری کہتے ہیں کہ بابائے خدمت کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے،ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم سب کو مدد کے جذبے کو اپنانا ہوگا،ایدھی صاحب نے مذہب مسلک اور رنگ و نسل کی تفریق سے بالاتر ہوکر انسانوں کی خدمت کی،ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہم نے یہ خاکہ بنایا ۔
عبد الستار ایدھی کا میمورل آرٹسٹ گوہر حمید نے صرف ایک دن میں پینٹ کیا، وہ کہتے ہیں اس میوریل کو اب تک سینکڑوں افراد وزٹ کرچکے ہیں اور معروف سماجی کارکن کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں اور ان کے سفر آخرت کے لئے دعاگو ہیں۔
اسد کہتے ہیں لوگ میوریل وزٹ کرنے کے ساتھ ساتھ دیوار مہربانی پر مستحق افراد کے لئے کپڑے جوتے اور دیگر اشیائے ضرورت عطیہ بھی کررہے ہیں۔