• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹس کونسل کراچی کے الیکشن 22 دسمبر کو ہوں گے، کمشنر کراچی

فوٹو بشکریہ آرٹس کونسل پاکستان کراچی
فوٹو بشکریہ آرٹس کونسل پاکستان کراچی 

کمشنر کراچی سید حسن علی نقوی نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن برائے سال 26-2025 بروز اتوار 22 دسمبر 2024ء کو ہوں گے۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن برائے سال 26-2025 کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیا گیا، جس میں کمشنر کراچی و چیف الیکشن کمشنر سید حسن علی نقوی نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی سی ساﺅتھ الطاف ساریو اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کمشنر کراچی و چیف الیکشن کمشنر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سید حسن علی نقوی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن دو سال میں ہوتے ہیں، یہ ناصرف الیکشن بلکہ ایک میلہ بھی ہوتا ہے، الیکشن صاف و شفاف طریقے سے کروانے کی ذمہ داری کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی ہوتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ صدر ، نائب صدر، سیکریٹری، جوائنٹ سیکریٹری، خازن اور گورننگ باڈی کے 12 اراکین کے انتخاب کےلیے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن برائے سال 26-2025 بروز اتوار 22 دسمبر 2024ء کو ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 9 دسمبر کو ووٹر لسٹ آویزاں کردی جائے گی۔ 10 دسمبر کو نامزدگی فارم آرٹس کونسل کے دفتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ 11 دسمبر تک شام 6 بجے تک ووٹرز لسٹ پر اعتراضات داخل کیے جاسکتے ہیں جبکہ 12 دسمبر کو ووٹرز کی حتمی فہرست آویزاں کی جائے گی اور  12 دسمبر کو امیدواران جو ووٹ دینے کے اہل ہوں گے شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ 13دسمبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شام 4 بجے ہوگی۔ 14 دسمبر کو کاغذات نامزدگی شام 5 بجے تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔ 14 دسمبر کو ہی امیدواران کی حتمی فہرست رات 8 بجے آرٹس کونسل کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کی جائے گی۔ 20 دسمبر کو انتخابی مہم رات 12 بجے اختتام پذیر ہوجائے گی جبکہ 22 دسمبر کو ووٹنگ کا عمل صبح 12 بجے سے رات 8 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔

انکا کہنا تھا کہ ووٹنگ کا وقت ختم ہونے پر جو ووٹر آرٹس کونسل کی حدود میں موجود ہوں گے ان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کمشنر کراچی کی مشاورت سے طے ہوا ہے، آج سے الیکشن کا عمل شروع ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پانچ سال سے روایت ڈالی کہ ہم پہلے اعلان کریں، جو بھی باڈی منتخب ہوتی ہے اس کے پاس اختیارات ہوتے ہیں کہ وہ رات 12 بجے تک فیصلہ لے آتے ہیں مگر پھر بھی اگر اس لائحہ عمل میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو آرٹس کونسل کا دفتر 24 گھنٹے آپ کے لیے کھلا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ میں تمام میڈیا کا شکر گزار ہوں کہ وہ ہر لمحہ آرٹس کونسل کے ساتھ کھڑا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید