کراچی ( اسٹاف رپورٹر )فلمی صنعت کے بحران کے حوالے سے عام تاثر یہ ہے کہ اس کا خاتمہ ہو گیا لیکن فلموں کی تیاری اور کام میں تیزی نظر نہیں آتی اسی سبب اکثر فلم ایکڑ اور بعض تکنیکی شعبوں سے وابستہ افراد شدید مالی مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔ اس سلسلے میں تازہ ترین اطلاع یہ ہے کہ فلمی صنعت کی سینئر اور اپنے عہد کی ممتا ز اداکارہ نغمہ بیگم ان دنوں سخت مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور کام نہ ہونے کے سبب انہوں نے خود کو گھر تک محدود کرلیا ہے ۔ نغمہ بیگم جن کے کریڈٹ پر اردو اور پنجابی فلموں کی لمبی فہرست ہے فلمی صنعت سے لگ بھگ اپنی 50 سال سے زائد وابستگی باوجود بیروزگار اور مالی پریشانیوں میں مبتلا ہیں ، انہوں نے اپنے طویل فلمی کریئر میں ہیروئن سے کیریکڑ رولز تک سب کام کیا ہے لیکن اب کام نہ ہونے اور بیروز گاری کے سبب گھربیٹھنے پر مجبور ہو گئی ہیں فلمی صنعت کے فعال ہدایتکار اور فلمساز بھی ان سے آنکھیں چرا رہے ہیں۔ اداکارہ نغمہ بیگم ،مرحوم اداکار حبیب کی بیوہ بھی ہیں۔ فلمی حلقوں میں اس صورت حال پر تشویش کا بھی اظہار کیا جارہا ہے ۔ حکومت کے انڈوسمنٹ فنڈ ز سے امداد کی اپیل بھی کی گئی ہے۔