صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کےخلاف جنگ کسی ایک ادارے کی کوششوں سےجیتنا ممکن نہیں۔
صدر آصف زرداری نے انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی بڑا چیلنج ہے، اس کی پیچیدگیوں کے باعث ریاست کے تمام ستونوں کو مؤثر کوششیں کرنا ہوں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے عوامی اعتماد مجروح ہوتا ہے، یہ وسائل کے ضیاع کا باعث بنتی ہے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو بھی متاثر کرتی ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ بدعنوانی کی بنیادی وجوہات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، خصوصاً نوجوانوں اور سول سوسائٹی کو بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ احتساب کلچر کے فروغ اور انسدادِ بدعنوانی کا نظام بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کریں، بدعنوانی سے پاک ثقافت کی تشکیل کے لیے اجتماعی رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی، پاکستان نے انسدادِ بدعنوانی کے بین الاقوامی فریم ورکس کی روشنی میں اہم اقدامات کیے۔
اُنہوں نے کہا کہ معاشرے سے بدعنوانی کی عادت ختم کرنے کے لیے کاوش جاری رکھنا ہو گی۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ نیب بد عنوانی کے مقدمات کی تحقیقات اور بدعنوانی کے مضر اثرات کے بارے عوامی شعور اجاگر کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ روک تھام کے ذریعے بدعنوانی کا خاتمہ بھی نیب کی اہم ذمے داری ہے، شفافیت اور دیانتداری کا ماحول تشکیل دینے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔