جنوبی بھارت کی سپر ہٹ فلم آر آر آر کے پروڈیوسر ایس ایس راجامولی نے فلم کی دستاویزی فلم بنانے کا اعلان کردیا جو اسی ماہ ریلیز کردی جائے گی۔
ایس ایس راجامولی نہ صرف فلموں پر اس سے علیحدہ بھی اپنے مداحوں کیلئے کچھ کرنے کو تیار ہیں۔ اسی سلسلے میں انکے تازہ اعلان نے مداحوں کو چونکا دیا ہے۔
رام چرن اور این ٹی آر جونیئر جیسے نامور اسٹارز کی 2022 کی اس فلم کی ڈاکیومینٹری بنائی جائے گی جس کا ٹائٹل ’آر آر آر: بیہائنڈ اینڈ بیونڈ‘ ہوگا جس میں فلم کی عکس بندی اور اس دوران پیش آنے والے واقعات کا تذکرہ کیا جائے گا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر آر آر آر کے آفیشل اکاؤنٹ سے ڈاکیومنٹری کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا گیا۔ پوسٹر میں راجامولی کو شوٹنگ ٹیپ کے ڈھیر کے درمیان بیٹھے دکھایا گیا ہے اور ان کے پیچھے ڈاکیومنٹری کا عنوان ’آر آر آر: بیہائنڈ اینڈ بیونڈ‘ نمایاں ہے۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں تحریر کیا گیا کہ ’دنیا نے میراث دیکھی، اب کہانی دیکھیں۔ دستاویزی فلم اس دسمبر میں آرہی ہے۔‘
اعلان میں ریلیز کی حتمی تاریخ یا وضاحت شامل نہیں کی گئی کہ دستاویزی فلم او ٹی ٹی پر دستیاب ہوگی یا نہیں۔
خیال رہے کہ آر آر آر نے اپنی تھیٹر ریلیز کے دوران دنیا بھر میں 1000 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔ فلم کو ایکشن مناظر کے لیے بےحد سراہا گیا۔ یہ فلم نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے کے بعد مغرب میں بھی شائقین کے دل جیتنے میں کامیاب رہی۔