مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جمہوری ذہن کے شخص، وہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں طارق فضل چوہدری، جمعیت علماء اسلام کی شاہدہ اختر علی اور پی ٹی آئی کے نثار جٹ نے شرکت کی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ مولانا صاحب پی ڈی ایم کے صدر رہے، ہمارے لیے قابل احترام ہیں، وہ جمہوری ذہن کے شخص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب اور ان کی پوری جماعت سنجیدہ ہے، سب سیاسی لوگ ہیں، 26ویں ترمیم میں جے یو آئی کا کردار مثبت رہا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے ساتھ یہ معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا جبکہ پی ٹی آئی میں بات چیت کی گنجائش ذرا کم ہوتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی والا کارڈ بانی پی ٹی آئی ماضی میں کھیل چکے ہیں، بیرون ملک مقیم افراد پیسے وزیراعظم کو نہیں، ملک کو بھیجتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی سول نافرمانی والی بات سیاسی نہیں، اس سے ملک کا نقصان ہوگا۔