پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جو گولی چلی ہے، وہ نسلوں تک جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران نثار جٹ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ ایک سیاسی جماعت نے دوسری سیاسی جماعت پر گولی چلائی ہو۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے گڈ گورننس میں رہتے ہوئے ایک سیاسی جماعت پر گولی چلائی، گولی کی گونج نسلوں کو کھا جاتی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں اسلام آباد میں اس رات فیملیز بھی تھیں اور بچے بھی تھے، اسلام آباد میں جو گولی چلی ہے وہ نسلوں تک جائےگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نہتے عوام پر گولی چلائی گئی اور پھر گورننس کی بات کی گئی، سمجھ سے باہر ہے، شہباز شریف سے پوچھیں گے کہ اسلام آباد میں گولی کیوں چلائی گئی؟
نثار جٹ نے یہ بھی کہا کہ 26ویں ترمیم کے موقع پر جے یو آئی ف کے کردار کو سراہا، ہم اپنے تحفظات مولانا صاحب کے سامنے رکھ چکے تھے کہ حکومت کبھی بھی پھسل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہوچکا، اس پر دستخط نہ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، ہم پارٹی لائن کو فالو کرنے پابند ہیں۔