نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 2023-24 میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے زیر انتظام علاقوں میں شہریوں اور بجلی کمپنیوں کے ملازمین کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
نیپرا رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک (کے ای) کے سروس ایریا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں، مالی سال 2023-24 میں بجلی کمپنیوں کے زیر انتظام علاقوں میں کُل 140 مہلک حادثات ہوئے اور کے الیکٹرک کے سروس ایریا میں سب سے زیادہ 34 ہلاکتیں ہوئیں۔
نیپرا رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کے انتظامی علاقوں میں 32 شہری اور 2 ملازمین کی ہلاکتیں ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے زیر انتظام علاقوں میں 26 ہلاکتیں ہوئیں، پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو) 20، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) 18اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے زیر انتظام علاقوں میں 9 مہلک حادثات ہوئے جبکہ حیسکو 9، کیسکو 9 اور فیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں7 مہلک حادثات ہوئے۔
اس کے علاوہ سیپکو 5 اور میپکو کے علاقوں میں 3 ہلاکتیں ہوئیں۔
رپورٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کمپنیاں سیفٹی کے معیارات پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام رہی ہیں، مستقبل میں اس قسم کے واقعات روکنے کیلئے سیفٹی معیارات پر سختی سے عمل کیا جائے۔