وزیرِاعظم شہباز شریف نے پہاڑوں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہمارے ملک کو درجنوں برف پوش اور سرسبز اونچی چوٹیوں سےنوازا ہے، ہماری سر زمین دنیا کی 16 بلند ترین پہاڑی چوٹیوں میں سے 8 کا مسکن ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو، دنیا کی 9 ویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت پاکستان میں ہے، پاکستان میں قطبی خطوں سے باہر برف کا سب سے بڑا ذخیرہ 7 ہزار سے زیادہ گلیشیئر ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پہاڑ میٹھے پانی اور صاف ہوا جیسے ضروری وسائل کا ذریعہ ہیں، دنیا بھر کے پہاڑوں کو موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پہاڑوں کی حفاظت کے لیے کئی دہائیوں سے کام کر رہا ہے، ماحولیاتی سیاحت کے فروغ اور پائیدار ترقی کے اہداف پر توجہ مرکوز ہے، کے پی اور گلگت بلتستان میں محفوظ اور موسمیاتی تبدیلی سے مزاحم کمیونٹیز تعمیرکر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے پہاڑوں اور چوٹیوں کے قدرتی ماحول کی حفاظت اور خوبصورتی محفوظ رکھنے کا عزم بھی کیا۔