اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں بسنے والے تمام شہریوں بشمول اقلیتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ، اجتماعی کوششوں کے ساتھ ہمیں آگے بڑھنا چاہئے، مسائل کو حل کریں اور اپنی آنے والی نسل کے لئے اور پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنا راستہ بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں،تقریباً 1400 سال قبل اسلام اور نبی کریم ؐنے بنیادی انسانی حقوق اور انسانوں کی برابری کا درس دیا تھا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کو اپنی تاریخی تقریر میں عقیدہ، ذات اور مذہب سے قطع نظر تمام شہریوں کے مساوی حقوق پر زور دیا۔