• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست سے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کو نکال باہر پھینکنا ضروری ہوگیا ہے، پرویز خٹک

 پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سیاسی پارٹیوں سے شفاف و بے داغ سیاسی کردار کا مطالبہ کیا ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی پارٹی عوامی مفاد پر مبنی سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے کیونکہ عوام ملک میں سیاسی قیادت پر شکوک و شبہات کا شکار ہو چکے ہیں اور ان کے شکوک بے جا بھی نہیں کیونکہ ملک کی اعلیٰ قیادت پر رشوت اور بدعنوانی کے الزامات ملک اور بیرون ملک سے لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگرسیاسی جدوجہد بے داغ ، صاف و شفاف ، عوامی مفاد کے تحت اور قومی کاز کیلئے کمٹمنٹ کی مطلوبہ سطح کے مطابق ہو تو سیاسی قیادت عوام کا کھویا ہوا اعتما د یقینی طور پر بحال کر سکتی ہے اور ضروری ہے کہ ہم سیاست سے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کو نکال باہر پھینکیں،وہ وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں پی ٹی آئی اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت احتساب کو قومی ترقی کیلئے ناگزیر سمجھتی ہے اور کبھی بھی پانامہ لیکس پر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی کیونکہ عوام نے ان کو بد عنوانی ، بے ضابطگیوں اور لوٹ مار پر مبنی فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے ایک شفاف طرز حکومت قائم کرنے کیلئے ووٹ دیا ہے، دریں اثنا وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ضلع بونیر سے پاکستان تحریک انصاف کے 50 رکنی نمائندہ وفد سے گفتگو کر تے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا  کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ آگے آئیں اور تبدیلی کے وژن کو گھر گھر پہنچائیں ، سینئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی، وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے انہوں نے کہاکہ کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ تبدیلی کے پیغام کو پھیلائیں اور عوام کو بتائیں کہ موجودہ حکومت میں نظام کی بہتری، مفاد عامہ، اداروں کی تشکیل نو اور عام لوگوں کی فلاح کیلئے کیا کیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے نامساعد حالات میں موجودہ حکومت کی کارکردگی اور کارناموں کو سابقہ حکومتوں کے لوٹ مار پر مبنی غیر موثر نظام حکومت سے موازنہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔، وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے نظام کی تبدیلی کو قومی ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے منتخب عوامی نمائندوں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تحریک انصاف کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کریں اور اپنا کردار ادا کریں۔
تازہ ترین