جنوبی بھارت کے نامور اداکار الو ارجن نے اپنی نئی فلم ’پشپا 2: دا رائز‘ سے 300 کروڑ بھارتی روپے تو کمالیے لیکن وہ بھارت میں سب سے زیادہ کمانے والے اداکار نہ بن سکے۔
بھارت میں سب سے زیادہ کمانے والا ایک ایسا اداکار بھی موجود ہے جس نے 2024 میں کوئی فلم ہی نہیں کی۔
فلم ’پشپا 2: دی رائز‘ نے باکس آفس پر دھوم مچادی اور فلم یکے بعد دیگرے باکس آفس ریکارڈز بھی توڑ رہی ہے۔ یہ فلم ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے کا عالمی سنگ میل عبور کرنے والی سب سے تیز ترین بھارتی فلم بھی بن گئی ہے۔
اس کامیابی نے فلم کے مرکزی اداکار، الو ارجن کی شہرت کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا اور ان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق الو ارجن نے اس فلم سے اپنی فیس اور منافع کے حصے سمیت 300 کروڑ کمائے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار نہیں جو کہ ایک حیران کن بات ہے۔
ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق الو ارجن کو ’پشپا 2‘ کی کامیابی نے اعلیٰ درجے کے اداکاروں میں تو شامل کردیا لیکن وہ بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار نہیں ہیں کیونکہ یہ اعزاز کسی اور کے پاس نہیں بلکہ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے پاس ہے جو اپنے کیریئر کی دوسری اننگز میں شاندار کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنی فلم ’پٹھان‘ 55 فیصد منافع کا حصہ لیا جس سے انہیں 350 کروڑ سے زیادہ کا منافع حاصل ہوا۔ یہ انہیں بھارت کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار بناتا ہے۔
2023 میں ان کی دوسری بڑی ہٹ فلم ’جوان‘ سے بھی انہیں بھاری منافع حاصل ہوا لیکن چونکہ وہ اس فلم کے پروڈیوسر بھی تھے اس لیے انہوں نے اپنی فیس چھوڑ دی اور تمام کمائی بطور پروڈیوسر ہوئی۔