ویمنز انڈر19 ایشیا کپ کے سلسلے میں پاکستانی ٹیم کپتان ضوفشاں ایاز کی قیادت میں ملائیشیا روانہ ہوگئی۔ قومی ٹیم غیر ملکی پرواز سے کراچی سے براستہ دبئی ملائیشیا روانہ ہوئی۔
پاکستانی ٹیم جیت کےلیے پُرعزم ہے۔ کپتان ضوفشاں ایاز کہتی ہیں کہ ٹورنامنٹ کےلیے بھرپور تیاری کی ہے۔ تمام کھلاڑی پُرجوش ہیں اور انشاءاللّٰہ اچھی کارکردگی دکھائیں گی۔
ہیڈ کوچ محسن کمال کا کہنا تھا کہ انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کےلیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔
واضح رہے کہ ویمنز انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 15 دسمبر سے 22 دسمبر تک ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کیلئے گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال شامل ہیں جبکہ گروپ بی سری لنکا، بنگلادیش اور میزبان ملائیشیا پر مشتمل ہے۔
پاکستانی ٹیم کا پہلا جوڑ 15 دسمبر کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا جبکہ قومی انڈر19 ویمنز ٹیم دوسرا میچ 16 دسمبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔