• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک کا پہلا مرحلہ، 43 منصوبے مکمل کرلیے گئے، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین، پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے پہلے مرحلے میں 43 منصوبے مکمل کرلیے گئے۔

چینی سفارت خانہ اسلام آباد میں سی پیک سے متعلق نمایاں کارکردگی دکھانے والے عملے کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ 25 ارب امریکی ڈالرز کی مالیت کے 43 منصوبے مکمل کرلیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے پائیدار ترقیاتی تعاون کی علامت بھی ہے، اس منصوبے کے ثمرات پورے خطے میں بانٹے جائیں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، 43 منصوبے مکمل کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 25 ارب ڈالرز ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک کی کامیابیاں ان ملازمین کی انتھک محنت کا نتیجہ ہیں جو اس پر کام کررہے ہیں، سی پیک صرف انفرااسٹرکچر، سڑکیں، پل اور پاور پلانٹس بنانے کا نام نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی کی علامت ہے، میرے لیے باعث اعزاز ہے کہ منصوبے کے آغاز سے اس کے ساتھ وابستہ ہوں، سی پیک نے پاکستان کے قومی گرڈ میں 8 ہزار 800 میگاواٹ بجلی شامل کی۔

تقریب میں وفاقی وزیر اور چینی سفیر نے عملے میں ایوارڈز تقسیم کیے۔

قومی خبریں سے مزید