کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ قطر کی پانی کی سپلائی لائن تیسری بار ٹوٹ گئی، پائپ لائن ٹوٹنے سے شہر کو 70 فیصد پانی کی سپلائی پھر معطل ہوگئی۔
راشد منہاس روڈ پر جوہر موڑ کے قریب سیوریج کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، جوہر موڑ سے نیپا جانے والے ٹریک پر ٹریفک جام ہوگیا۔
ترجمان واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ پانی کی سپلائی لائن بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی کام کے دوران ٹوٹی ہے، جامعہ کراچی کے قریب پائپ لائن ٹوٹنے سے شہر کو 70 فیصد پانی کی سپلائی معطل ہوگئی، شہر میں 250 ملین گیلن پانی کی یومیہ قلت ہوگی۔
دوسری جانب واٹر کارپوریشن نے ٹرانس کراچی کے سی ای او کو خط لکھ کر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی تعمیراتی ٹیم کام کے دوران احتیاط برتے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کے نقصان کے باعث پانی کی قلت سے شہر بھر میں مشکلات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کنٹریکٹرز کی غفلت اور عدم تعاون کو حادثے کی اہم وجوہات قرار دیا گیا۔
واٹر کارپوریشن نے مزید کہا کہ پانی کی لائن کی مرمت اور ترسیل بحال کرنے میں ساڑھے 3 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔