میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے یونیورسٹی روڈ پر پانی کی لائن کے بار بار متاثر ہونے کو ریڈ لائن منصوبے کے ٹھیکیدار کی غفلت قرار دیدیا۔
بیچ ویو پارک میں 3 روز سول فیسٹیول کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے یونیورسٹی روڈ پر پانی کی لائن بار بار متاثر ہونے پر کہا کہ 84 انچ قطر کی پانی کی لائن کو ریڈ لائن منصوبے کے ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانس کراچی کے سربراہ سروش لودھی سے رابطہ کر کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کا کہا ہے بڑی لیکیج کو ٹھیک کر دیا گیا ہے لیکن چند چھوٹے مسائل باقی ہیں۔ لوگوں کی سہولت کےلیے لائن میں پانی چھوڑ دیا گیا تھا۔
میئر کراچی نے کہا کہ کوشش کرتے ہیں شہر کا روشن چہرہ دکھائیں۔ جہاں جہاں غیر قانونی پارکنگ کی نشاندہی ہوتی ہے، وہاں کارروائیاں کی جاتی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو تجاویز دی ہیں کہ ایک مستقل اتھارٹی قائم کی جائے جو اس مسئلے کو مکمل طور پر حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تہذیب زبردست ہے، کھانا اور موسیقی اس کا اہم جز ہیں اور کراچی والے اس فیسٹیول سے لطف اندوز ہوں گے۔
میئر کراچی نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سروے کو سیاسی قرار دیا اور کہا میں بھی اپنی مرضی کے ایک ہزار افراد سے سروے کروا سکتا ہوں۔
ایک سوال پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے یو سی پیپلز پارٹی یا جماعت اسلامی کی نہیں کراچی کی ہے، لوگ مجھ پر تنقید کرتے ہیں کہ کام نہیں ہوتا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم کام کر رہے ہیں، اسی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے ۔
بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلوں پر ان کا کہنا ہے جب سیاستدان مستقل نہیں رہ سکتے تو بیوروکریٹ بھی نہیں، ہمارا مقصد صرف اچھے کام کرنا ہے۔