دی گریٹ انڈین کپل شو کا مستقل حصہ اور بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ارچنا پورن سنگھ کا یوٹیوب چینل لانچ ہوتے ہی ہیک ہوگیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے اپنے مداحوں کو یوٹیوب چینل کے حوالے سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی مختصر وقت میں بے پناہ محبت دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ میں نے کل ہی اپنا یوٹیوب چینل شروع کیا ہے اور چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں ویوز آگئے، آپ سب نے بہت پیار دیا ہے، لیکن مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کل رات تقریباً 2 بجے میرے یوٹیوب چینل کو کسی نے ہیک کرلیا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا یوٹیوب چینل ہیک ہوگیا ہے یا کیا مسئلہ ہے کیونکہ وہ مکمل طور پر ڈیلیٹ ہوگیا ہے اس حوالے سے میری ٹیم معلوم کر رہی ہے۔
ارچنا نے اپنی ویڈیو میں خوشی اور مایوسی کا ملاجلا اظہار کیا۔ انہوں نے مداحوں کے پیار اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے چینل کو دوبارہ لانچ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔