حکومتی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ میں نے نہیں کہا ہم حکومت چھوڑ رہے ہیں۔
ایکسپو سینیٹر کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے خود سے منسوب بیان کی تردید کی اور کہا کہ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ ایم کیو ایم حکومت چھوڑ رہی ہے۔
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ شہر پاکستان کا چہرہ ہے، ترقی کی بنیاد ہے اور رہے گا۔ کراچی اپوزیشن کا مزاج رکھتا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ میں نے کہا کہ تھا کہ وزارتیں خیرات میں نہیں ملی ہیں، ہمیں ہمارا مینڈیٹ واپس ملا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو حکومت میں رہتے ہوئے حالات بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ایم کیو ایم سربراہ نے یہ بھی کہا کہ کہتے ہیں یہ کتاب عشق کی آخری صدی ہے، اللّٰہ کا شکر ہے کہ اب بھی کتابوں کے عشق میں مبتلا ہیں۔
خالد مقبول نے کہا کہ اسلام آباد نہ بن سکیں اسلام آباد کا عکس ہی بن جائیں، میرے چلے جانے کا مقصد یہ نہیں ایم کیو ایم بھی چلی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ ایم کیو ایم کے نمائندے ہیں، ہمیں گورنرشپ خیرات میں نہیں ملی۔
ایم کیو ایم سربراہ نے کہا کہ یہ گورنر جائیں گے تو پتہ چلے گا جو بھی آئے گا پھنس جائے گا، اتنا متحرک گورنر پہلے کبھی نہیں آیا۔