• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ ٹاسک فورس جلد فعال کرنے پر اتفاق


وزیر داخلہ محسن نقوی کی ریاض میں سعودی پبلک سیکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسمیع سے ملاقات ہوئی جہاں پاکستان اور سعودیہ کے درمیان مشترکہ ٹاسک فورس جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے سعودی عرب کے سیف سٹی سینٹر کا بھی دورہ کیا، پبلک سیکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمدالبسمیع نے محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ وزیر داخلہ نے جرائم کی روک تھام کےلیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نظام کا مشاہدہ کیا۔

وزیر داخلہ نے جدید ٹیکنالوجی سے جرائم و ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے پبلک سیکیورٹی کے شاندار نظام کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ پولیس ٹریننگ کیلئے تعاون سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سفارتکاروں کی حفاظت کیلئے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کر رہا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کو پبلک سیکیورٹی ہیڈ کوارٹر میں خصوصی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ آرٹیفشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے ذریعے جرائم اور ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کا نظام وضع کیا ہے۔ حج و عمرے پر بھی خصوصی فورسز فرائض انجام دیتی ہیں۔ سعودی عرب میں تمام خصوصی فورسز کو پبلک سیکیورٹی کے ہیڈکوارٹرز سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید