• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہدائے اے پی ایس نے قوم کو دہشتگردی کے ناسور کیخلاف متحد کیا: محسن نقوی

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی — فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی — فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بد ترین دشمن نے 16دسمبر کو معصوم بچوں اور بے گناہ اساتذہ کو ناحق شہید کیا، یہ دن ہمارے عزم کا نشان بن چکا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف لڑتے رہیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ بچوں اور اساتذہ نے اپنے قیمتی لہو سے پُرامن پاکستان کی بنیاد رکھی، درندہ صفت دہشت  گردوں نے ننھے پھولوں کو بےدردی سے مسل کر سفاکیت کا بزدلانہ فعل کیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ شہدائے اے پی ایس آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں جبکہ بزدل دشمن کے لیے پاک دھرتی تنگ کر دی گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شہدائے اے پی ایس نے قوم کو دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ایک کیا، ان کی قربانیاں پاکستان کے ہر فرد کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گی، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پوری قوم آج شہداء کی لازوال قربانیوں پر خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید