وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ اجلاس میں پارا چنار کے لوگوں کی درخواست پر ادویات اور دیگر سامان بھیجنے کی منظوری دے دی گئی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پارا چنار کے عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی بھیجا جائے گا، پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔
صوبائی کابینہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی۔
دورہ چین سے متعلق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چین میں وفد کو ملنے والی غیر معمولی پذیرائی پنجاب کے عوام کیلئے باعث فخر ہے، چین کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے متمنی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ چین کی نمایاں اور بڑی 60 کمپنیوں کے نمائندوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
صوبائی کابینہ نے چائنہ پنجاب ڈیسک کی منظوری دے دی اس کے ساتھ ہی ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ائیر پروگرام کی منظوری بھی دے دی گئی۔
صوبہ پنجاب میں الیکٹرک بس، چارجنگ اسٹیشن، سپر سیڈر سمیت ملٹی سیکٹوریل اقدامات کیے جائیں گے، اجلاس میں پاکستان کی پہلی گرین بلڈنگ کے پروجیکٹ کی تکمیل کی بھی منظوری دی گئی۔
مریم نواز نے گندم کے اجراء کی پالیسی برائے سال 2024-25 اور اسپتالوں میں فری میڈیسن کیلئے فنڈز کی منظوری دی۔