لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت کے باوجود شہری کو گرفتار کرنے پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔
عدالتِ عالیہ نے بیلف کے ذریعے شہری کو بازیاب کروا کے آزاد کر دیا اور ڈی پی او جھنگ کو پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ عدالتی احکامات تسلیم نہ کرنے والے اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
دورانِ سماعت تھانہ سٹی شورکوٹ سے آواب نامی شہری کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالتی بیلف نے بتایا کہ شہری کے خلاف لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج تھا، جس کو لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہاکیا تھا، ضمانت کے باوجود شہری کو دوبارہ گرفتار کر کے حبسِ بے جا میں رکھا گیا تھا۔