پیسوں کی چمک سے دنیا بھر کے کرکٹرز کیلئے پرکشش انڈین پریمئر لیگ کھلاڑیوں کی صحت کیلئے نقصان دہ ٹورنامنٹ بننے لگا ہے۔
ایک برطانوی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2025 میں ہونے والے آئی پی ایل کے میچز میں ماحولیاتی فضا حوصلہ افزا نہیں تھی، اس کے برعکس پاکستان سپر لیگ کے میچز کے دوران موسمی حالات کا ڈیٹا یہ ظاہر کرتا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران ماحول آئی پی ایل کے مقابلے میں بہتر تھا۔
برطانوی ادارے "بی اے ایس آئی ایس" نے ماحولیاتی تبدیلی کے کرکٹ پر اثرات کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں آئی پی ایل کے دوران موسمی حالات اور آلودہ ماحول کی نشاندہی کی ہے۔
ادارے نے پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے بھی ڈیٹا اکٹھا کیا ہے جو جیو نیوز کو موصول ہوا ہے اور دونوں کے موازنے میں پی ایس ایل کے دوران ماحول، آئی پی ایل کے مقابلے میں بہتر رہا۔
رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کے اکثر میچز گرم ترین موسم میں ہوئے جو پلیئرز کیلئے نقصان دہ ہیں، آئی پی ایل 2025 کے 65 میچز کے دوران کے درجہ حرارت کا ڈیٹا دیا گیا ہے جس کے مطابق آئی پی ایل 2025 میں صرف 9 میچز 26.7 سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت میں کھیلے گئے، 20 میچز کے دوران درجہ حرارت 29 سے 32 سینٹی گریڈ رہا جو کھلاڑیوں کیلئے غیر موذوں ہوسکتا تھا۔
جبکہ 27 آئی پی ایل میچز میں درجہ حرارت 32 سے 39 رہا جو کہ انتہائی تشویشناک تھا۔ رپورٹ کے مطابق انتہائی تشویشناک حالات میں پلیئرز کو سن اسٹروک اور کریمپس کا خطرہ رہتا ہے ۔9 میچز میں درجہ حرارت 39 سے 51 ڈگری سیلس تھا جو کھلاڑیوں کیلئے خطرناک ماحول تھا .
ان ہی تاریخوں میں بھارت کے پڑوسی ملک پاکستان میں ہونیوالی پاکستان سپر لیگ میں میں 17 میچز 26 ڈگری سیلیس سے کم درجہ حرارت میں کھیلے گئے، پی ایس ایل 2025 میں صرف دو میچز کے دوران درجہ حرارت انتہائی تشویشناک رہا۔ 18 مئی کی دوپہر راولپنڈی میں ملتان اور کوئٹہ کے میچ میں درجہ حرارت 32.4 رہا تھا، 23 میں کو لاہور میں اسلام آباد اور لاہور کے درمیان ایلیمینیٹر میں درجہ حرارت 33.1 رہا تھا، پی ایس ایل 2025 کے دوران 15 میچز کے دوران درجہ حرارت 26.7 سے 32.2 رہا تھا جو عام تشویشناک قرار دیے گئے ہیں ۔
رپورٹ میں آئی پی ایل میچز کے دوران ایئر کوالٹی انڈیکس کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ 2025 کے آئی پی ایل کے دوران کوئی ایک میچ بھی غیر آلودہ ماحول میں نہ ہوسکا تھا، 75 میں سے نصف میچز اے کیو آئی انڈیکس کے تحت غیر معیاری ماحول میں کھیلے گئے۔
صحتمند ماحول کے 50 تک کے اے کیو آئی انڈیکس میں ایک میچ بھی نہ ہوا، 35 میچز اے کیو آئی 51 سے 100 کے ماحول میں ہوئے جو معتدل فضا تھی، 100 سے 150 تک کے اے کیو آئی میں 34 میچز ہوئے جو کہ خراب فضا تھی۔ 5 میچز کے دوران ائر کوالٹی انڈیکس 15۱ سے 200 رہا جو کہ کھلاڑیوں کے لئے غیر صحتمند ماحول تھا۔