نیویارک( نیوز ڈیسک)فلسطینی فلم ’فرام گراؤنڈ زیرو‘ آسکرز کے لیے شارٹ لسٹ کر لی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین کے خلاف اسرائیلی جنگ پر مبنی فلم ’فرام گراؤنڈ زیرو‘ کو 97ویں اکیڈمی ایوارڈز 2025میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔یہ فلم فلسطینی فلم سازوں کی تیار کردہ 22مختصر فلموں پر مشتمل ہے جو غزہ کے باشندوں کی روزمرہ کی زندگی اور انہیں درپیش چیلنجز کی عکاسی کرتی ہے، اسے فلسطینی ڈائریکٹر رشید مشہراوی نے یکجا کیا ہے۔فلم میں شامل مختصر کہانیوں کے علاوہ علا دامو کی ’24 آورز‘ بھی شامل ہے جو ان کے دوست مصعب النادی کے ایک دن کے تجربات کو دستاویزی شکل میں پیش کرتی ہے۔اس دن مصعب 3اسرائیلی فضائی حملوں سے بچ نکلے تھے، تاہم نام نہاد محفوظ علاقوں میں پناہ لینے کے باوجود وہ ملبے تلے دب گئے تھے۔واضح رہے کہ آسکرز کی جانب سے جنوری 2025ء میں حتمی نامزدگیوں کا اعلان کیا جائے گا۔