وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں مدارس رجسٹریشن کی تجاویز پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرا عظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون معاملہ حل کرنے کیلئے آئین و قانون کے مطابق اقدامات کرے۔
فضل الرحمان اور وزیراعظم کی ملاقات میں عبدالغفورحیدری، کامران مرتضیٰ، راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ شریک تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطاتارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور اٹارنی جنرل منصورعثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے بعد جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مدارس سے متعلق بل پر وزیراعظم نے بات چیت کیلئے ملاقات کی دعوت دی، جس میں ہماری سب باتوں کا جواب مثبت آیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے اپنا موقف ملاقات میں دہرایا، ہم نے واضح کیا کہ دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد ایکٹ بن چکا ہے۔