پشاور(وقائع نگار) ہزاروں سال قدیمی ایرانی و ایشائی تہوار جشن شب یلدا ہمیں خطے میں محبت امن و آشتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ایرانی قوم نے اس تاریخی و مہذب تہوار کو زندہ رکھ کر پورے خطے کو ایک لڑی میں پرونے کا نادر موقع فراہم کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خانہ فراہنگ ایران پشاور میں شب یلدا کی پر رونق تقریب کے شرکا ء نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ یاد رہے کہ شب یلد ا کا جشن اسلامی جمہوریہ ایران کی سر پرستی میں ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں رہائش پذیر ایرانی ہر سال تزک و احتشام سے مناتے ہیں۔ امسال بھی خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران پشاور میں شب یلدا جشن کا انعقاد کیا گیا۔جس میں اسلامیہ جمہوریہ ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل حسن معظمی، خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین چاقمی،پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک، پشاور یونیورسٹی شعبہ فارسی کے چئیرمین یوسف حسین خوشی، خیبر یونین آف جرنلسٹ کے صدر کاشف الدین، سینیئرصحافی شمیم شاہد، پشاور کے مشہور منقبت و نوحہ خواں حامد علی قزلباش اور دیگر علمی شخصیات کے ساتھ ساتھ پشاور میں مقیم ایرانی شہریوں، فارسی زبان کے اساتید، پروفیسرز اور طلبا نے بھرپور شرکت کی۔