اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 47 کے بعد این اے 48 کی الیکشن ٹربیونل کارروائی بھی روکنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے علی بخاری کی درخواست پر سماعت کی، جس کے دوران علی بخاری اور دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی امیدوار علی بخاری کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کو این اے 48 کے حوالے سے انتخابی عذرداری پر کارروائی روکنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا، آئندہ سماعت رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔
واضح رہے کہ عدالتِ عالیہ الیکشن ٹربیونل کو این اے 47 سے متعلق کارروائی سے پہلے ہی روک چکی ہے، جس کے بعد الیکشن ٹریبونل این اے 46 کی حد تک کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔
این اے 48 سے راجہ خرم شہزاد نواز رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم تحریکِ انصاف کے علی بخاری نے ان کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے۔
الیکشن ٹریبونل اسلام آباد کے سربراہ جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق کیس 24 دسمبر کے لئے مقرر کر رکھا ہے۔