اسلام آباد( طاہر خلیل) سندھ رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ڈی جی رینجرز سندھ سے فون پر مشاورت ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ سیاسی مقاصد کے تحت رینجرز کی ذمہ داریوں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے ڈی جی رینجرز کو وی وی آئی پی سکیورٹی پر مامور رینجرز نفری کو بتدریج واپس بلانے کی ہدایت جاری کردی ہے اور کہا کہ کوئی یہ کس طرح توقع کر سکتا ہے کہ رینجرز سکیورٹی اور امن عامہ کے حوالے سے اپنا کردار بھی ادا کریں اور انہیں قانون کے مطابق اختیارات بھی نہ دئیے جائیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ وفاقی حکومت کراچی اور سندھ کے عوام کے مفاد اور تحفظ کے لئے آئین و قانون اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے عین مطابق رینجرز کی موجودگی نہ صرف یقینی بنائے گی بلکہ انہیں مکمل قانونی تحفظ بھی فراہم کیا جائیگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں اب بھی یہ امید کرتا ہوں کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔چوہدری نثار علی خان وزیر اعلی سندھ سے آج یا کل اس سلسلے میں رابطہ کریں گے اور انکے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔