اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار)2023کے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا بدنام زمانہ اشتہاری ملزم گجرات سے گرفتار کر لیا گیا ہے ، ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے فی کس 24لاکھ روپے وصول کئے۔ وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا گیا ہے ۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے 7 مقدمات میں مطلوب محمد سلیمان کو گرفتار کر لیا، ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے فی کس24لاکھ روپے وصول کئے۔ ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا براستہ مصر اور دبئی بھجوایا۔متاثرین کو لیبیا میں موجود سیف ہاؤسز میں نہایت برے حالات میں رکھا گیا تھا بعد ازاں ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متعدد شہریوں کی موت واقع ہو گئی ، ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔