سنگل کالم ……
گورنر سلمان تاثیر کو قتل کردیا گیا،
میں نے نیوز ایڈیٹر کو خبر سنائی۔
اوہو، یہ شہ سرخی ہے، انہوں نے ہدایت کی۔
نیوزروم میں سب ایڈیٹرز کام میں مصروف ہوگئے۔
فرصت ملی تو میں نے نیوز ایڈیٹر سے پوچھا،
سر، اگر سلمان تاثیر گورنر نہ ہوتے تو؟
تو یہ خبر سوپر لیڈ ہوتی۔
اگر جیل میں انتقال ہوتا؟
تو تین کالم۔
بیمار ہوکر اسپتال میں چل بستے؟
تو فرنٹ پیج، دو کالمی خبر۔
ذرا توقف کے بعد میں نے دریافت کیا،
خدانخواستہ اگر ہمارے ایڈیٹر صاحب گزر جائیں؟
انہوں نے خشگمیں نگاہوں سے مجھے دیکھا،
سنگل کالم، بیک پیج۔