• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی و اپوزیشن اتحاد کی پہلی باضابطہ نشست کا اعلامیہ سامنے آگیا

حکومتی اتحاد کی کمیٹی اور اپوزیشن اتحادکی کمیٹی کے درمیان پہلی باضابطہ نشست کا اعلامیہ سامنے آگیا۔

اعلامیے کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اجلاس کی صدارت کی، حکومتی کمیٹی کی طرف سے اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثنا اللہ، راجا پرویز اشرف، نوید قمر، علیم خان اور فاروق ستار نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی اتحاد کی کمیٹی کی طرف سے اسد قیصر، راجا ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا شریک ہوئے جبکہ اسدقیصر نے آگاہ کیا کہ کمیٹی کے باقی ارکان مقدمات یاملک سے باہر ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق دونوں مذاکراتی کمیٹیوں نےخیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کو مثبت پیشرفت قرار دیا اور توقع ظاہر کی پارلیمنٹ مسائل حل کرنے کا اہم فورم ہے، مذاکراتی عمل جاری رہنا چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق اس موقع پر اپوزیشن کمیٹی نے اپنے ابتدائی مطالبات کا خاکہ پیش کیا اور طے پایا کہ اگلی میٹنگ میں اپوزیشن کمیٹی تحریری طور پر مطالبات اور شرائط پیش کرے گی۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی اور عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں ہم سب قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق دونوں مذاکراتی کمیٹیوں نے اسپیکر ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا، کمیٹیوں نے حکومتی کمیٹی کے قیام اور مذاکرات کے عملی آغاز کےلیے اسپیکر کی کوششوں کو سراہا اور باہمی مشاورت سے طے پایا کہ اگلا مذاکراتی اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید