• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی پیز کی 570 ارب کی لوٹ مار کو تعلیم پر خرچ کیا جائے، حافظ نعیم الرحمان


امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کی 570 ارب کی لوٹ مار تعلیم پر خرچ کی جائے تو تعلیم مفت ہوجائے گی۔

منڈی بہاء الدین کے علاقے پھالیہ میں کارکنوں سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے ملک بھر میں تعلیم مفت کرنے ایک طریقہ بتادیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز مافیا نے ہزاروں ارب روپے نہ بننے والی بجلی کے وصول کیے۔ ان کی 570 ارب کی لوٹ مار تعلیم پر خرچ کی جائے تو تعلیم مفت ہوجائے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے استفسار کیا کہ ہمارا نصاب ایک زبان میں کیوں نہیں پڑھایا جاسکتا؟ حکمران اب اسکولوں کو نجی اداروں کو دے کر مفت تعلیم کا حق بھی چھین رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، کسان اس ملک کی بہتری کےلیے کوشاں ہیں، جو سخت سردی میں محنت کرکے اناج اگاتا ہے، گندم کی امدادی قیمت مقرر کرنے کے بعد حکومت مکر گئی۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ شوگر مافیا کو کھلا چھوڑ دیا گیا گنے کے ریٹ وہ اپنی مرضی پر طے کرہا ہے، آئی ایم ایف سرمایہ داروں پر ٹیکس لگانے کی بات کرتا ہے اور یہ مزدور و کسان پر لگاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں نے اپنی مراعات میں 100 فیصد اضافہ کیا، پارلیمنٹ میں آنے والے 70 فیصد سے زیادہ لوگ ارب پتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ارب پتی لوگوں پر مشکل وقت آئے تو وہ بیرون ملک چلے جاتے ہیں، سرمایہ داروں اور ظالموں کے نظام کو گرائے بغیر تبدیلی ناممکن ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مڈل کلاس اور غریب لوگوں کی ترجمان ہے، ہم ایوانوں کا گھیراؤ کریں گے اور اس تحریک کو گلی گلی پھیلائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید