• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کے اسمارٹ میٹر لگانے کا کام جلد مکمل کیا جائے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بجلی کے اسمارٹ میٹر لگانے کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ نظام میں شفافیت لائی جاسکے۔

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے امور زیرِ بحث آئے۔

اجلاس کو لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اوور بلنگ کسی طور پر قبول نہیں، اس میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

شہباز شریف نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران کی تعیناتی میں سست روی پر اظہارِ تشویش کیا اور کہا کہ انتہائی شفاف عمل کے ذریعے چیف ایگزیکٹیو افسران کی تعیناتی جلد مکمل کی جائے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے، نیپرا کا دیا گیا ٹارگٹ پورا کرنے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

قومی خبریں سے مزید